یہ معاملہ رامپور میں واقع وقف کی زمین پر قائم یتیم خانہ سے جڑا ہے جس میں اعظم خان پر یتیم خانہ کے باشندوں کے ساتھ مار پیٹ اور ان کی بکری، بھینس چوری کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ آج اس معاملے میں رامپور کی ایم پی، ایم ایل اے والی اسپیشل کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے ضمانت کی عرضی منظور کر لی ہے۔
رامپور کی ایم پی، ایم ایل اے والی اسپیشل کورٹ نے آج رکن پارلیمان محمد اعظم خان کو یتیم خانہ سے جڑے مقدمہ میں راحت دیتے ہوئے ان کی ضمانت کی عرضی کو منظور کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ تھانہ کوتوالی میں گزشتہ سال محمد اعظم خان سمیت کئی لوگوں کے خلاف دفعہ 147، 148، 149، 395، 120بی، 452، 323، 504، اور 427 وغیرہ میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ جس میں لوٹ مار کرنے اور مرغی بکری چرانے جیسے الزامات لگائے گئے تھے۔ آج اس معاملے میں اسپیشل جج نے محمد اعظم خان کی طرف سے دائر عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ضمانت کی عرضی منظور کرلی ہے۔ جبکہ اسی عدالت نے یتیم خانہ معاملے پر ویریندر گوئل کی ضمانت عرضی کو بھی منظور کر لیا۔ اس طرح سے رکن پارلیمان اعظم خان کو اب راحت ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔