پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع پریاگ راج میں امیش پال قتل واردات کے سلسلے میں پولیس نے شہ زور لیڈر و سابق ایم پی عتیق احمد کے بھائی اشرف کی بیوی زینت روبی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ زینت کو اس کے مائیکے پورا مفتی تھانہ علاقے کے ہٹوا گاؤں سے بدھ کی دیر شام حراست میں لے کر جیٹھانی شائستہ پروین اور بیٹے اسد کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ زینگ سے اشرف، گڈومسلم، غلام اور ارمان کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی۔ شائستہ پروین عتیق احمد کی بیوی ہیں۔
امیش پال کے قتل میں ملے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسد کو گولی چلاتے ہوئے پہچانا گیا ہے۔ زینت کے علاوہ اس کے گھر کے کچھ دیگر اراکین سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ پولیس نے پوچھ گچھ کے لئے میجا، مئو آئیما ااور پھولپور علاقے کے کچھ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نامزد ہونے کےبعد عتیق کی بیوی شائستہ پروین فرار ہوگئی ہے۔ اس کی گرفتاری کے لئے پولیس دبش دے رہی ہے۔ شائستہ کا موبائل بھی بند ہے۔ بدھ کو چکیا واقع جس مکان کو پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے زمیں دوز کیا اس میں سائشتہ پروین اپنے بیٹوں کے ساتھ رہتی تھی۔ موقع سے پولیس کو غیر ملکی رائفل، تلوار اور اس کے بیٹے کے دو پیدائش سرٹیفکیٹ برآمد ہوئے ہیں۔ ایک پر ا س کی تاریخ پیدائش 2002اور دوسرے پر 2008 درج ہے۔
عتیق کے وکیل خان شوکت حنیف نے یہ مکان 2021 میں باندہ باشندہ جعفر احمد سے خریدا تھا۔جس میں شائستہ کرایہ پر رہتی تھی۔قابل ذکر ہے کہ امیش پال قتل واردات میں اس کی بیوی جیا پال نے ہفتہ کی صبح تحریر دے کر احمدآباد جیل میں قید سابق ایم پی عتیق احمد، بیوی شائستہ پروین، ان کے بیٹے، بریلی جیل میں بند سابق ایم ایل اے اشرف کے خلاف نامزد اور عتیق کے دیگر معاونین کے خلاف دھومن گنج تھانے میں مقدمہ درج کرایاہے۔
یو این آئی