ریاست اترپردیش میں 1.6 لاکھ 'آشا' کارکنان ریاست میں واپس آنے والے مزدوروں کی شناخت کرنے، وائرس سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کرنے، نگرانی کمیٹی کی مدد کرنے اور سماج کے لوگوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے تئیں بیداری لانے میں بے مثال کردار ادا کرتے ہوئے کورونا کے خلاف جنگ میں مستعدی سے سرگرم ہیں۔
منگل کے روز وزارت صحت و خاندانی بہبود نے کووڈ۔19 کے خلاف جاری لڑائی میں آشا کارکنوں کے کردار کی ستائش کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اترپردیش میں 1.6 آشا کارکنوں نے ملک کی مختلف ریاستوں سے واپس آنے والے مزدوروں کی نشاندہی کرنے میں تعاون پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ان کارکنوں نے دو مراحل میں 30.43 لاکھ سے زائد مزدوروں کی نشاندہی کی، اس دوران انہوں نے کوروناوائرس سے متاثرہ 7965 افراد کی بھی شناخت کی اور ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی۔
خیال رہے کہ قومی صحت مہم کے تحت ملک کے دیہی اور شہری علاقوں میں تقریباً دس لاکھ آشا کارکن ہیں، جن میں سے 1.67 لاکھ اترپردیش میں ہیں۔
ریاست میں واپس آنے والے مزدوروں کی شناخت کے لیے قائم کردہ مانیٹرنگ کمیٹی کے کام میں بھی آشا کے کارکنوں نے مدد کی۔
لوگوں کو کورونا وائرس سے ہونے والے انفیکشن سے بچنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے آشا کارکن گھر گھر جاکر لوگوں کو بیداری کیا ہے۔
اس کے علاوہ آشا کارکنان دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی جانچ کرنے اور انہیں ہسپتال لے جانے میں بھی مدد فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کو طبی نگہداشت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔