ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں واقع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں آج سرسید احمد خاں کے 203 ویں یوم پیدائش کے موقع پر روایت کے مطابق یونیورسٹی کی تاریخی جامع مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا جس میں یونیورسٹی طلبا اور تدریسی و غیر تدریسی عملہ شامل رہے گا۔
قرآن خوانی کے بعد وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور سرسید احمد خان کے مزار پر چادر پوشی کریں گے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی سرسید احمد خاں کا مشن تھا جو تعلیم کی شمع علی گڑھ میں جلائی جائے وہ پورے ملک اور پوری دنیا میں پھیلے۔
سر سید کا کہنا تھا کہ تعلیم سستی اور آسان ہو اور ہر کسی کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی سرسید احمد خاں نے سنہ 1875 میں چھ بچوں کے ساتھ مدرسۃالعلوم کی شروعات کی تھی، اور آٹھ جنوری سنہ 1877 کو محمڈن اینگلو اوریئنٹل کالج (ایم اے او) کی بنیاد رکھی جس کے بعد سنہ 1920 میں اس ادارے کو یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شکل میں عالمی پیمانے پر ایک منفرد شناخت بنائی، جس سے تعلیم حاصل کیے ہوئے طلبا آج پوری دنیا میں اے ایم یو کا پرچم لہرا رہے ہیں۔
آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ 100 سے زیادہ ممالک میں اے ایم یو کا نام روشن کر رہے ہیں۔