ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے شہر قاضی تنویر عالم نے شب برات اور ہولی کے تہوار کے مدنظر مظفرنگر کی عوام سے اپیل کی ہے کہ دونوں تہوار ساتھ ساتھ آرہے ہیں، یہ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کی ایک مثال ہے، ہمیں ان دونوں تہواروں کو ہنسی خوشی اور مل جل کر منانا چاہیے اور ہمیں کورونا سے متعلق گائڈ لائن پر عمل کرنا چاہیے۔
بتا دیں کہ 28 مارچ بروز اتوار کے روز ہندو مذہبی تہوار ہولی کا دہن کیا جائے گا اور اسی روز شب برات بھی منائی جائے گی اور اگلے روز ہولی کھیلی جائے گی، یہ دونوں تہوار ایک ہی روز ہیں۔
اس سے متعلق مزید معلومات دیتے ہوئے شہر قاضی تنویر عالم نے مظفرنگر کی عوام سے اپیل کی ہے کہ 28 مارچ بروز اتوار کو شب برات منائی جائے گی یعنی جب اتوار کا دن گزر جائے گا اور رات شروع ہوگی تو یہ شعبان مہینے کی پندرہویں شب ہوگی، اس رات تلاوت قرآن کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: بریلی: نو محلہ مسجد، جنگ آزادی کی ایک عظیم یادگار
انہوں نے بتایا کہ اس دن بہت سے لوگ قبرستان جاکر اپنے بزرگوں کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں، فاتحہ پڑھتے ہیں اور نفل روزہ رکھتے ہیں، جس کا ثواب بہت زیادہ ملتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ماسک اور سینیٹائزر کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور معاشرتی فاصلہ بنائے رکھے۔