شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرے وقت کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کرتے جارہے ہیں اور مظاہرین پر پولیس کی زیادتی کی وجہ سے کئی افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
ریاست اتر پردیش کے آئی جی (لاء اینڈ آرڈر) پروین کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 10 دسمبر سے تا حال سی اے اے کے خلاف جاری احتجاج کی وجہ سے ریاست میں اب تک 15 اموات جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
آئی جی (لاء اینڈ آرڈر )پروین کمار نے بتایا کہ 'احتجاج کی وجہ سے 705 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 4500 افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کی وجہ سے 263 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جس میں 57 اہلکار آتش گیر مادے سے زخمی ہوئے ہیں۔