ریاست اتر پردیش کے سہارنپور کے بڑگاوں علاقے میں پولیس نے ایک بڑے مویشی چور گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے سات بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بدمعاشوں سے دو بولیرو پک اپ گاڑیاں، تین طمنچے، چھ زندہ کارتوس اور دو چاقو برآمد کئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار بدمعاش ایک عرصے سے جانور چوری وارداتوں کو انجام دے رہے تھے اور پولیس ان چوروں کی مسلسل تلاش میں تھی۔
پولیس انچارج ابھیشیک کمار سروہی نے بتایا کہ بدھ کی دیر رات پولیس نے مخبر کی اطلاع پر سروس روڈ پر چیکنگ کے دوران ان سبھی چوروں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس تفتیش میں مذکورہ ملزمان نے اپنے نام رکی عرف رنکو ولد بیدپال ساکن بھٹ پورہ، سنی ولد ہرکیش لوکادھڑی، سچن عرف کالا ولد نریش ساکن تھانہ سردھنہ گاوں کلندی، پرویز ولد پپوکھیڑی ساکن سرائے تھانہ میرا پور مظفر نگر، اکشے ولد راجندر ساکن کلندی، رام بھول ولد رویندر ساکن قلندی تھانہ سردھنہ میرٹھ، بھیشما ولد مول سنگھ ساکن نہلی سردھنہ ضلع میرٹھ بتائے ہیں۔
پولیس کے سی او چوب سنگھ نے کہا کہ گرفتار ملزمان پر چوری کے متعدد مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم رات گئے جانوروں کو چوری کرتے تھے، جنہیں بعد میں ملزمان آس پاس کی گوشت کی فیکٹریوں میں فروخت کرتے تھے۔