نوئیڈا:ریاست اترپردیس نوئیڈا پولیس نے نوئیڈا این سی آر میں 150 سے زیادہ لگژری گاڑیوں سے ٹائر چوری کرنے والے ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے محاصرہ کر کے چار چوروں کو گرفتار کر لیا۔ یہ ملزمان شاطر چور ہیں۔ جو چند منٹوں میں گاڑیوں کے ٹائر چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔ یہ گروہ گزشتہ تقریباً 8 سال سے سرگرم تھا۔ چوری کی واردات کی ویڈیو سی سی ٹی وی میں قید ہے۔ پولیس کئی ماہ سے ان ملزمان کی تلاش میں تھی۔ یہ کارروائی کوتوالی سیکٹر-20 نے کی ہے۔
اس کی شناخت راجو گرجر، للت، منیش اور چندر بھوشن کے طور پر ہوئی ہے۔اس گینگ کا سرغنہ راجو گرجر ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے 30 ٹائر برآمد کئے ہیں۔ ملزمین کے خلاف این سی آر کے کئی مقامات پر مقدمات درج ہیں۔
اے سی پی رجنیش ورما نے بتایا کہ شاطر چور کاروں کے ٹائر چوری کرنے سے پہلے نظر میں رکھتے تھے۔ جس کے بعد وہ رات کو چوری کی واردات کو انجام دیتے تھے۔ ٹائر چوری کے زیادہ تر واقعات لگژری گاڑیوں کے تھے۔
مزید پڑھیں:Man Cut Woman Nose مقدمہ واپس نہ لینے کی صورت میں نوجوان نے خاتون کی ناک کاٹ دی
وہ اینٹیں اپنے پاس رکھتے تھے جس کی مدد سے وہ گاڑیاں اینٹوں پر کھڑی کر کے بھاگ جاتے تھے۔ ٹائر چوری کرنے کے بعد کسی محفوظ جگہ پر جمع کرتے تھے۔ اس کے بعد وہ بازار میں گاہکوں سے رابطہ کرکے انہیں سستے داموں میں فروخت کرتے تھے۔ صارفین کی ڈیمانڈ پر بھی ٹائر چوری کئے جاتے تھے۔
اس گینگ نے پولس پوچھ تاچھ کے دوران این سی آر میں 150 سے زیادہ وارداتوں کو انجام دینے کا اعتراف کیا ہے۔ اس گینگ کے مزید کتنے لوگ ہیں سب کی تفتیش کی جارہی ہے۔