علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ کے تھانہ سول لائن کے علاقے میں واقع شمشاد مارکیٹ میں 'پروفیسر جمشید صدیقی آئی ٹی سیل فار کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر' سے گذشتہ ڈیڑھ برس سے غریب طالبات مفت میں کمپیوٹر اور انگریزی سیکھ رہے ہیں۔ واضح رہے پروفیسر جمشید صدیقی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبہ کمپیوٹر سائنس میں ٹیچر تھے جن کا کورونا وبا کے دوران انتقال ہو گیا تھا جن کے نام سے منسوب آئی ٹی سیل سے غریب طبقہ کی مسلم لڑکیاں مفت کمپیوٹر کی تعلیم و تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
پروفیسر جمشید صدیقی کی اہلیہ ڈاکٹر فائزہ عباسی نے آئی ٹی سیل سے متعلق بتایا کہ ہر سال تقریبا سو غریب طبقہ کی طالبات کو کمپیوٹر کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انگریزی کی تعلیم مفت فراہم کرائی جاتی ہے، تاکہ طالبات سرکاری اسکیم کے ساتھ دیگر چیزوں کا بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ بہت سی طالبات کمپیوٹر اور انگریزی کی تعلیم نہ ہونے کے سبب کافی چیزوں سے محروم ہو جاتی ہیں اور اسی لئے وہ ترقی بھی نہیں کرپاتیں۔ ہم خاص کر ان لڑکیوں کو کمپیوٹر اور انگریزی کی مفت تعلیم دیتے ہیں جو غریب گھر سے تعلق رکھتی ہیں اور کسی وجہ سے اعلی تعلیم حاصل نہیں کرپاتیں۔ مدرسہ نسوان کالج کی طالبات کو بھی مفت آن لائن ڈیجیٹل تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی فراہم کروائی جاتی ہے۔ ہفتے میں ایک دن طالبات کو آئی ٹی سیل کا دورہ بھی کروایا جاتا ہے۔
ڈیجیٹل تعلیم و تربیت حاصل کرنے والی طالبات نے بتایا کہ پہلے ہمیں کمپیوٹر کے بارے میں کچھ بھی نہیں آتا تھا۔ یہاں پر ہم نے کمپیوٹر سے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے۔ آج کے جدید دور میں کمپیوٹر کی تعلیم بہت ضروری ہے۔ اس لئے ہم یہاں کمپیوٹر سینٹر پر ایم ایس آفس، ایم ایس والڈ، پینٹ، ایکسل، گوگل، میئل، ڈوکیومنٹس کو سیو کرنا وغیرہ سیکھا جس کے بعد ہمیں کافی اچھا محسوس ہوتا ہے۔ اپنے آپ پر فخر ہوتا ہے کہ آج کے جدید دور میں ہمیں بھی کمپیوٹر چلانا آتا ہے جس سے ہمیں نوکریاں ملنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ طالبات نے مزید بتایا کہ یہاں کمپیوٹر کے ساتھ انگریزی بھی سکھائی جاتی ہے، ماحول خوشگوار اور محفوظ ہے جس کے سبب ہمارے والدین ہمیں یہاں بھیجتے ہیں۔ کمپیوٹر ٹیچر گلفشاں فاطمہ نے بتایا کہ ہم طالبات کو کمپیوٹر کی بنیادی نالج کے ساتھ سائبر کرائم، آن لائن میٹنگ اور چیزوں کی خرید فروخت بھی سکھاتے ہیں۔ ہمارا مقصد ان طالبات کو ہنر مند بنانا ہے تاکہ یہ کسی پر منحصر نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : AMU Administration Under Pressure اے ایم یو انتظامیہ، آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کے دباؤ میں کام کر رہی ہے: اے ایم یو طلباء