ریاست اترپردیش کے وارانسی ہوائی اڈے پر کام کرنے والے ملازم کا نام بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ کورونا مثبت لوگوں کی فہرست میں شامل ہے۔
اترپردیش کے ضلع وارانسی میں واقع لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آئی ٹی کمپنی میں کام کرنے والے نوجوان میں کورونا وائرس کا انفیکشن پایا گیا۔ جیسے ہی ہوائی اڈے کے عہدیداروں کو اس بارے میں اطلاع ملی، ائیرپورٹ اور سی آئی ایس ایف کے اہلکار متحرک ہوگئے۔ ہوائی اڈے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی تلاش کی جارہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ نوجوان کتنے لوگوں سے ملا ہے۔
تاہم، جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے مذکورہ نوجوان سے فون پر بات کی تو اس نے کہا کہ اس میں کورونا وائرس جیسی کوئی بھی علامات نہیں ہیں جیسا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط میں ذکر کیا گیا ہے۔
اس نوجوان نے اروگیہ سیتو ایپ کو اپنے موبائل میں ڈاؤن لوڈ کیا تھا، اسے خود ہی ایپ نے الرٹ کر دیا تھا۔ جس کے بعد اس نے یہ ساری بات اپنے افسران کو بتا دی۔
عہدیداروں کی ہدایت پر اس کی کورونا جانچ کی گئی۔ رپورٹ کے مثبت آنے کے بعد اس کی رہائش گاہ سمیت آس پاس کے علاقے کو ہاٹ اسپاٹ قرار دے کر مزید کارروائی کی جارہی ہے۔
اس سلسلے میں ائیرپورٹ کے ڈائریکٹر آکاش دیپ ماتھر نے بتایا کہ جانچ کی جارہی ہیں۔ ہیڈ کوارٹر کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے، جو بھی بات آگے آئے گا اس کے مطابق فیصلہ لیا جائے گا۔