ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں واقع معروف علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں یونیورسٹی کے رہائشی ہالز میں قیام پذیر طلبہ و طالبات کو 15 جون سے پہلے اقامت گاہ کو خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
یونیورسٹی کے رہائشی ہالز میں اس وقت تقریباً ہزار سے بارہ سو طلبہ و طالبات مقیم ہیں، جو کسی نہ کسی وجہ سے اپنے گھر نہیں جا سکے، لیکن اب یونیورسٹی کے رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا ہے یونیورسٹی کی گرمی کی تعطیلات 15 جون سے شروع ہو رہی ہے اس لیے تمام طلبہ و طالبات 15 جون تک ہوسٹلز خالی کردیں۔
یونیورسٹی کے مختلف رہائشی ہالز میں رہ رہے طلبہ جن کا تعلق ریاست اترپردیش، ہریانہ اور دہلی سے ہے ان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ گرمیوں کی تعطیلات کے پیش نظر ہاسٹل خالی کردیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سبھی طلبا جن کے گھر یونیورسٹی سے 500 کلومیٹر کی دوری کے اندر ہیں وہ بھی ہاسٹل خالی کردیں۔
انہوں نے کہا کہ اقامت گاہ خالی نہ کرنے پر 15 جون کے بعد ان کو ہاسٹل کی سہولیات سے محروم کردیا جائے گا۔
واضح رہے اے ایم یو انتظامیہ نے 15 جون سے 30 جون 2020 تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے۔
جو طلبا یونیورسٹی کے ہاسٹل خالی کرچکے ہیں یا کریں گے ان کو دوبارہ ہاسٹل میں داخل ہونے کی اجازت دے دی جائے گی، جب یونیورسٹی نئے سیشن میں کھلے گی۔