علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انتظامی بلاک میں منعقد الوداعی تقریب میں پروفیسر ظہیر الدین کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ "یہ بہت اطمینان کی بات ہے کہ پروفیسر ظہیر الدین نے تندہی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کے بعد اچھی صحت کے ساتھ سبکدوش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین، ڈین اور دیگر عہدوں پر فائز رہتے ہوئے انتہائی فعالی کے ساتھ کام کیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ پروفیسر ظہیر الدین نے تمام انتظامی و تعلیمی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کیا۔
الوداعی تقریب میں وائس چانسلر نے مزید کہا کہ "جب بھی ضرورت ہوگی ہم ان کے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کی خدمات حاصل کریں گے۔ ہمارے پاس سرفہرست اساتذہ کی اچھی خاصی تعداد ہے۔
پروفیسر منصور نے کہا کہ ہمیں تعلیمی مقاصد اور طلبہ کی رہنمائی کے لئے ان کے تجربے اور مہارت کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
پروفیسر ظہیر الدین نے اپنی الوداعی تقریب میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا " میری تدریسی خدمات کے دوران تمام لوگوں نے میرا تعاون کیا۔ میں اپنی خدمات دینے اور کسی بھی ذمہ داری کو بانٹنے کے لئے ہمیشہ موجود ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ پروفیسر ظہیر الدین شعبہ قانون کے چیئرمین اور ڈین قانون فیکلٹی رہ چکے ہیں۔ تدریسی خدمات کے دوران انہوں نے اے ایم یو طلبہ یونین میں چیف الیکشن آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ایگزیکٹیو کونسل کے ممبر بھی رہے تھے۔
تقریب میں یونیورسٹی کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی جن میں کنٹرولر امتحانات، فینانس آفیسر اور دیگر شامل تھے۔