ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں واقع عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شیخ الجامعہ پروفیسر طارق منصور نے آن لائن یونیورسٹی کی نئی تیار شدہ ویب سائٹ کا آج افتتاح کیا۔
ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر نئی ویب سائٹ کا افتتاح یونیورسٹی کے فروغ میں ایک نیا باب ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنے خطاب میں کہا کہ انگریزی، ہندی اور اردو زبانوں کی سہولت والی اس کثیر لسانی ویب سائٹ کو جی آئی جی ڈبلیو (ویب سائٹز کے لیے بھارت کی حکومت کے رہنما خطوط) کے مطابق بنایا گیا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کو ایک بہتر ڈھانچے اور ڈیٹا پر مبنی ویب سائٹ کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ اس ویب سائٹ پر پرانے ویب سائٹ سے بہتر انفارمیشن سسٹم نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ویب سائٹز بیرونی دنیا کے اداروں کی کھڑکیاں ہیں اور مجھے یقین ہے کہ نئی ویب سائٹ اے ایم یو کی شبیہ کو بہتر بنائے گی۔
وائس چانسلر نے اس اہم اور پیچیدہ کام کو انجام دینے کے لیے یونیورسٹی ویب سائٹ کمیٹی کے کنوینر پروفیسر عاصم ظفر، پروفیسر جمشید صدیقی (شعبہ کمپیوٹر سائنس)، پروفیسر اطہر علی خان (محکمہ شماریات)، پروفیسر ایم رضوان خان (ڈائریکٹر، آئی کیواے سی) اور دیگر اراکین کومبارکباد دی۔
وائس چانسلر نے اساتذہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ویب سائٹ پر اپنے سی ویز اور معلومات کو اپ ڈیٹ کریں۔