ایسے وقت میں جبکہ کورونا وائرس کی وبا نے پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں تدریسی اور امتحانات کے نظام کو درہم برہم کر دیا ہے۔
اے ایم یو انتظامیہ نے ایک طالبہ کے امتحان کا بندوبست کیا جو امتحان شروع ہونے سے ایک روز قبل ہی کووڈ 19 سے متاثر ہو گئی تھی۔
یونیورسٹی کنٹرولر امتحانات مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ ایم ڈی پیتھالوجی کی اس طالبہ کے لیے امتحان کے آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں کا استعمال کیا گیا۔
طلبہ کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا اور صحت عملے نے پی پی ای کٹ پہن کر اسے کاپی اور پیپر مہیا کرایا۔
اس کے ساتھ ہی تین گھنٹے تک امتحان کی نگرانی کیمروں سے کی گئی۔ کنٹرولر امتحانات زبیری نے بتایا کہ امتحان کے بعد طالبہ کو ایک موبائل دیا گیا اور کنٹرولر امتحانات دفتر نے ایک خصوصی پورٹل بنایا جس پر طالبہ کو اپنی انسر شیٹ کے ہر صفحہ کو اپلوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
طالبہ کی امتحانی کاپی کو وارڈ میں رکھا گیا ہے جسے بعد میں حاصل کیا جائے گا۔
اس اثناء اے ایم یو نے سوشل ڈسٹینسنگ کے ضابطوں پرعمل کرتے ہوئے ایم ٹی اور ایم ایس کے کورسوں کے امتحانات منعقد کیے، جس میں مجموعی طور سے 190 طلبا وطالبات شامل ہوئے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کنٹرولر امتحانات شعبہ کی اس کاوش کو سراہا۔