علیگڑھ:ریاست اترپردیش کے شہر علیگڑھ میں بلدیاتی انتخابات کے بعد بی جے پی کے میئر امیدوار سمیت 90 کونسلروں کی حلف برداری کی تقریب آج تھانہ بننا دیوی علاقے کے نمائشی میدان میں واقع کرشناجلی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اس دوران بی جے پی کے میئر پرشانت سنگھل کی حلف برداری کی تقریب کے دوران بی جے پی کونسلرز نے مذہبی نعرے لگائے تو وہیں سماجوادی پارٹی کی جمال پور کے وارڈ نمبر 59 سے نو منتخب مسلم خاتون ڈاکٹر شبانہ عالم نے اسٹیج سے مذہبی نعرہ (اللہ اکبر) لگایا گیا جس کی سات سیکنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
وارڈ نمبر 59 جمال پور کی نومنتخب مسلم خاتون کونسلر ڈاکٹر شبانہ اسلم نے اللہ اکبر کا نعرہ لگانے کے بعد کہا کہ تقریب حلف برداری کے دوران اسٹیج سے اللہ اکبر کا نعرہ لگانے کے پیچھے ان کا کوئی مقصد نہیں تھا۔ وہ یہاں مذہبی سیاست کرنے نہیں آئی ہیں بلکہ وہ مل جل کر شہری ترقی کے لئے کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے نومنتخب میئر نے بھی یہی کہا کہ ہم سب مل کر کام کریں گے۔ ان کے مطابق اس حلف برداری کی تقریب میں تمام کونسلر کا مکمل احترام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حلف برداری تقریب کے دوران اللہ اکبر کا نعرہ لگانے کا کوئی مقصد نہیں بلکہ اپنے مذہب پر عمل کرنا ہے۔ ہمارے ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والے افراد رہتے بستے ہیں اور ہر کسی کو اپنے مذہبی تعلیمات پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب حلف برداری کے دوران مائیک بند کر دیا گیا تھا۔ مائیک نہ ہونے کی وجہ سے وہ اسٹیج پر کھڑی سوچ یہ رہی تھیں کہ حلف نامہ کیسے پڑھا جائے، مائیک بند ہونے کی وجہ سے وہ مائیک پر حلف نہیں لے پائیں۔
علیگڑھ کے نو منتخب میئر پرشانت سنگھل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا علیگڑھ کے تمام نو منتخب کونسلرز، علیگڑھ میونسپل کارپوریشن سب مل جل کر علیگڑھ کے مسائل کو حل کریں گے، علیگڑھ کے عوام کو ٹریفک جام، پانی کی نکاسی، گندگی جیسے پریشانیوں سے نجات ملیں گی۔ میئر نے مزید کہا یہ الگ بات ہے کہ تمام نو منتخب کونسلرز مختلف سیاسی جماعتوں سے واسبتہ ہیں، لیکن اب ہم سب مل کر علیگڑھ کے مسائل کو دور کریں گے اور ترقیاتی کام کریں گے۔
مزید پڑھیں:AIMIM And BJP Councillors Clash میرٹھ میں اے آئی ایم آئی ایم اور بی جے پی کونسلرز کے درمیان جھڑپ
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اندرا وکرم سنگھ پر میونسپل کمشنر امیت اسیری کو تقریب میں میئر اور کونسلروں کو حلف دلانے کی ذمہ داری دی تھی، جس کے تحت امیت اسیری کو حلف دلایا گیا۔ 11 مئی کو بلدیاتی انتخابات ہوئے اور 13 مئی کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا گیا۔ اس کے بعد سے نو منتخب عوامی نمائندوں کی نظریں حکومتی سطح سے جاری ہونے والے حلف برداری کے پروگرام پر جمی ہوئی تھیں۔ حلف برداری کی تقریب سے متعلق تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد ہفتہ 27 مئی کو بی جے پی کے میئر پرشانت سنگھل کے ساتھ 90 وارڈوں کے کونسلروں نے حلف لیا۔