ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں ان دنوں تمام اپوزیشن سیاسی جماعتیں کاشتکاروں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہیں تو وہیں دوسری جانب برسراقتدار جماعتیں اس احتجاج کو بند کرانے کی پُرزور کوششیں کررہی ہیں۔
اس ضمن میں اب ضلع بریلی کی تحصیل آنولہ میں کانگریس پارٹی کی ضلع کمیٹی کی سندیش یاترا کو پولیس نے روک دیا۔
اِس درمیان پولیس اور کانگریس پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کے مابین خوب بحث بھی ہوئی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے کیوںکہ پولیس نے یاترا کو روک دیا تھا۔
بریلی کے دیہی علاقوں میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ضلع تنظیم احتجاجی مظاہرے کی طرز پر 'سندیش یاترا' نکال رہی تھی۔
اس سلسلہ میں دیہی علاقے آنولہ تحصیل کے بھمورا میں کانگریس عہدیداران اور کارکنان نے سندیش یاترا نکالی تھی۔
اس دوران تعینات پولیس فورس نے موقع پر پہنچ کر عہدے داران سے ضلع انتظامیہ کی تحریری اجازت دکھانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے جواب میں عہدے داران نے کہا کہ کانگریس پارٹی زرعی قانون کے خلاف ملک گیر سندیش یاترا نکال رہی ہے، ایسے میں ضلع انتظامیہ کی کسی تحریری اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
عہدیداران نے کہا کہ اُن کی پارٹی نے صرف خفیہ محکمہ کو اس کی اطلاع دی تھی۔
کانگریس پارٹی کے ضلع صدر اشفاق ثقلینی کے اس جواب سے پولیس مطمئن نہیں ہوئی اور کانگریس رہنما کو سندیش یاترا رد کرنے کی ہدایت دی۔
اس دوران کانگریسی رہنما اور پولیس کے مابین نوک جھوک بھی ہوئی لیکن پولیس نے سندیش یاترا رد کرانے کے بعد ہی سکون کی سانس لی۔