علی گڑھ میونسپل کارپوریشن نے 14 کروڑ روپے کے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بینک اکاؤنٹ منجمند کر لیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق علی گڑھ کے چیف ٹیکسیشن آفیسر نے کہا کہ ، "اگر بقایہ رقم ایک ہفتہ کے اندر جمع نہیں کی گئی تو یہ رقم اے ایم یو کے اکاؤنٹ سے میونسپل کارپوریشن کو ٹرانسفر کردیا جائے گا۔"
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی بنیاد پر میونسپل کارپوریشن کا آج تک کا سب سے بڑا پراپرٹی ٹیکس کا بقایہ صرف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پر ہے۔ یہ رقم 14 کروڑ 83 لاکھ روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 2019 میں بھی اس اکاؤنٹ کو منجمند کرنے کی کارروائی کی گئی تھی، لیکن کمشنر کی مداخلت کے بعد یونیورسٹی کو رقم کی ادائیگی کے لئے کافی وقت دیا گیا۔ اس کے باوجود یونیورسٹی کی طرف سے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔
چیف ٹیکسیشن آفیسر نے بتایا کہ بعد میں اس کے لئے متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ کیا گیا لیکن یونیورسٹی کی جانب سے ادائیگی کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ لہذا قواعد پر عمل کرتے ہوئے اے ایم یو کا بینک اکاؤنٹ کو سیز کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اکاؤنٹ اے ایم یو کی اسٹیٹ بینک آف انڈیا برانچ میں ہے۔ اگر ایک ہفتہ تک ادائیگی نہیں کی گئی ہے، تو اکاؤنٹ میں موجود تمام رقم میونسپل کارپوریشن کو ٹرانسفر کردیا جائے گا۔ اس کے بعد بھی اگر بقایہ جات پورے نہیں ہوئے تو غیر منقولہ جائیداد سے اس کی بھرپائی کی جائے گی اور وارنٹ بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔