عرضی گذار پولیس سپاہیوں نے محکمہ پر سپاہیوں کے جبری سبکدوشی کا الزام عائد کیا۔جسٹس اشونی کمار مشر نے ایسی کئی عرضیوں پر سماعت کے بعد محکمہ پولیس اور سرکار سے 30 جولائی تک جواب طلب کیا ہے۔
وارانسی میں تعینات مہندر کمار پانڈے سمیت کئی دیگر سپاہیوں کی عرضیوں پر سماعت کے بعد عدالت نے ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس سے جواب طلب کرتے ہوئے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 30 جولائی کی تاریخ متعین کی ہے ۔ ایسی عرضیاں وارانسی کے علاوہ گورکھپور، آگرہ، غازی آباد، کانپور میں تعینات پولیس سپاہیوں نے دائر کی ہیں۔عدالت ان تمام عرضی گذاروں کی ایک ساتھ سماعت کرے گی۔
سپاہیوں کی جانب سے عدالت میں حاضر سینئر وکیل وجے گوتم نے بحث کے دوران کہا کہ جبری سبکدوشی کا حکم ذاتی دشمنی کی بنیاد پر من مانی سے ضلع کے پولیس کپتا ن کے ذریعہ نافذ کیا جارہا ہے ۔ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کا اس طرح کا حکم اس ضمن میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ذریعہ کیے گئے فیصلوں کے خلاف ہے۔
وکیل وجے گوتم نے ایسے جبری سبکدوشی کے حکم کو منسوخ کرنے اورسپاہیوں کو 60 سال کی عمر تک انہیں ملازمت میں بنے رہنے کی ہدایت دینے کی ہائی کورٹ سے درخواست کی ۔عرضی کی حمایت میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو بنیاد بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ساری کاروائی یک طرفہ کی جارہی ہے۔