اتر پردیش کے ضلع جونپور میں سماج وادی پارٹی کے کارکنان کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو کا آج 48 واں جنم دن سماج وادی پارٹی کے ضلع دفتر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اس دوران سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر کے پی یادو کی قیادت میں درجنوں کارکنان و عہدیداران نے صدیق پور میں زیرِ تعمیر میڈیکل کالج کے احاطہ میں کیک کاٹ کر اکھیلیش یادو کا جنم دن منایا اور ساتھ ہی 2022 میں اکھیلیش یادو کو اترپردیش میں وزیر اعلیٰ بنانے کا عہد کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر کے پی یادو نے کہا کہ ہم لوگوں نے آج سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو کا کیک کاٹ کر جنم دن منایا ہے۔ اس کا مقصد صرف اتنا ہے کہ اکھیلیش یادو نے اپنی دور حکومت میں یہ میڈیکل کالج جونپور کو دیا تھا۔ اگر آج یہ مکمل ہو گیا ہوتا تو ضلع میں کورونا سے دس ہزار لوگوں کی اموات نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم لوگوں نے کیک کاٹ کر یہ عہد کیا ہے کہ اتر پردیش میں اگلی حکومت اکھیلیش یادو کی بنے گی تو آئندہ جنم دن ہم لوگ میڈیکل کالج کے اسی احاطے میں منائیں گے۔
مزید پڑھیں:
ملائم سنگھ یادو کی طبیعت خراب، اسپتال میں ہوئے داخل
واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کی دور حکومت ستمبر 2014 میں سابق وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو کے ذریعہ صدیق پور میں میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی گئی تھی اور جنگی پیمانے پر تعمیری کام کی ابتداء بھی ہو گئ تھی لیکن اس اسپتال کی تعمیر میں مسلسل رکاوٹیں پیش آتی رہیں کبھی سیاست کی نظر اور کبھی بجٹ کی کمی، جس کی وجہ سے اس میڈیکل ہسپتال کا ابھی 50 فیصدی کام ہی ہوپایا ہے۔