اکھیلیش یادو نے مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گل پوشی کرکے انہیں یاد کیا۔
وہیں آج مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کانگریس پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی سمیت دیگر قومی رہنماؤں نے راج گھاٹ جاکر انہیں گلہائے عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ آج بابائے قوم کی 150ویں یوم پیدائش ہے اور بھارت آج مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش منارہا ہے۔ موہن داس کرم چند گاندھی آج ہی کے دن دو اکتوبر 1869 کو گجرات کے پوربندر میں پیداہوئے تھے۔
مہاتما گاندھی نے ملک کو انگریزوں سے آزادی کے لیے ستیہ گرہ اور عدم تشدد کو اپنا ہتھیار بنایا۔ عدم تشدد بھارت کی آزادی کی وجہ بنی اور ساری دنیا کے لیے حقوق انسانی اور آزادی کی تحریک کے لیے روح رواں ثابت ہوئی۔
بھارت میں انھیں احترام سے مہاتما گاندھی اور باپو کہا جاتا ہے۔ انہیں ملک کے لیے کی گئی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں بھارتی قوم محبت سے بابائے قوم کہتی ہے۔ گاندھی کے یوم پیدائش پر ملک میں قومی تعطیل رہتی ہے ا ور دنیا بھر میں یوم عدم تشدد کی طور پر اس دن کو منایا جاتا ہے۔ مہاتما گاندھی کو 30 جنوری، 1948ء کو دائیں بازو کے شدت پسند ناتھو رام گوڈسے نامی شخص نے قتل کر دیا۔