مرادآباد: مرادآباد سے ہوائی سفر شروع ہونے کا انتظار اب ختم ہو چکا ہے۔ مرادآباد میں ایئرپورٹ شروع ہونے میں جو رکاوٹیں آ رہی تھیں ان سب کو دور کر لیا گیا ہے اور تقریبا سبھی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ مختلف محکمات سے این او سی کو حاصل کیا جا چکا ہے اور حکومت کی جانب سے ایئرپورٹ کے لیے جو لائسنس دیا جاتا ہے وہ بھی اب حاصل ہو چکا ہے۔
مرادآباد ایک صنعتی شہر ہے اور سالوں سے یہاں کے باشندے اس بات کا انتظار کر رہے تھے کہ مرادآباد سے ہوائی سفر کا آغاز ہو۔ یہاں کے کاروباریوں کو کاروبار کے سلسلے میں اکثر بیرون ملک جانا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے ملکوں سے بھی خریدار کاروبار کے سلسلے میں مرادآباد آتے ہیں۔ اس لحاظ سے اب مرادآباد سے ہوائی سفر شروع ہونے سے کاروباریوں کو بھی یقینی طور پر فائدہ پہنچے گا۔
اس تعلق سے معلومات دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ مانویندر سنگھ نے بتایا کہ ایئرپورٹ کی تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور اس کے لیے حکومتِ ہند کے سول اویشن محکمے سے جو لائسنس ملنا ہوتا ہے، وہ بھی حاصل کیا جا چکا ہے، اب ایئر لائنز سے بات کی جا رہی ہے، بہت جلد مرادآباد سے اٹھارہ سیٹ والا جہاز اپنی پرواز بھرے گا۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ شروع میں مرادآباد سے لکھنؤ اور کانپور کے لئے ہوائی سفر شروع کیا جائے گا۔
ایئرپورٹ ڈائریکٹر سندیپ کمار نے اس بابت مزید معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ مرادآباد ایئر پورٹ کے لئے 2 بی درجے کا لائسنس ملا ہے۔ جس کے تحت 50 مسافروں کے آنے جانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی دو روٹ پر ہوائی سفر شروع کیا جائے گا اور ان دو روٹ پر آنے جانے کو لے کر کل چار مرتبہ یہاں سے ہوائی سفر کو انجام دیا جائے گا۔
شہر کے کاروباری فرید شمسی نے اس فیصلے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرادآباد سے ہوائی سفر شروع ہونے سے یہاں کے کاروبار کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ طویل عرصے سے مرادآباد کے باشندوں کو ایئرپورٹ شروع ہونے کا انتظار تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی فی الحال مرادآباد سے لکھنو اور کانپور کے لئے ہوائی سفر شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
- مرادآباد: شعیب شمسی نے پیتل اور لکڑی سے رام مندر کا ماڈل بنایا
- مرادآباد: شادی تقریب میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے بعد زبردست مارپیٹ
مگر انہیں امید ہے کہ آنے والے وقت میں ملک کے دوسرے شہروں کے لیے بھی یہاں سے ہوائی سفر شروع ہوگا۔ جس سے یہاں کے کاروباریوں کو سفر کے دوران وقت بچانے کا موقع ملے گا۔ پہلے بیرون ملک جاتے وقت انہیں تین گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچنا ہوتا تھا، مگر آنے والے وقت میں بیرونِ ملک سفر کے لئے دوسرے شہروں سے جڑنے کے بعد سفر آسان ہو جائے گا۔