ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی کے باشندوں کے لیے یہ اہم خبر ہے کہ یہاں سے اب نہ صرف آگرہ، بلکہ ممبئی اور بنگلور کے لیے بھی فضائی سفر شروع ہونے والا ہے۔
سال کے آخری مہینے یعنی دسمبر میں سب سے پہلے بریلی سے آگرہ کے لیے فضائی خدمات کا تجربہ کیا جائے گا، اگر یہ تجربہ کامیاب ہوا تو فلائٹ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائےگا۔
آر سی ایس سروس کے تحت کئی ایئر لائنس کے مالکان نے آگرہ سے بریلی، لکھنؤ، کانپور، بنارس، پریاگراج اور گورکھپور کے لیے فضائی سفر شروع کرانے کی تجویز بھی دی ہیں۔
گزشتہ دو ماہ قبل وزیر برائے ہوا بازی نند گوپال نندی نے بریلی میں اپنے دورے کے دوران بریلی کو فضائی سفر کے ذریعے آگرہ، لکھنؤ، کانپور، بنارس، پریاگراج اور گورکھپور سے منسلک کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد بریلی سے آگرہ کا سفر شروع کرنے میں کئی ایئرلائنس نے دلچسپی دکھائی ہے۔ افسران کے مطابق ”الائنس ایئر ”اے ٹی آر 72“ کے تحت بریلی سے آگرہ کی فلائٹ شروع کرنے کو تیار ہے۔
بریلی آگرہ کے فضائی سفر کی تجویز ایئرپورٹ آف انڈیا کو بھیجا گیا ہے جس کی وجہ سے اگلے مہینے آگرہ سے فضائی سفر شروع ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے 'ای روپی واؤچر' لانچ کیا
فضائی خدمات میسر ہونے کے بعد بریلی سے تاج محل کے شہر کا سفر آسان ہو جائے گا۔ سال کے آخر تک آگرہ سے بریلی سمیت ریاست اتر پردیش کے کئی اضلاع کے لیے فضائی سفر شروع کرانے کی تیاری ہو رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ بریلی سے دہلی کی فلائٹ مارچ سے شروع ہو چکی ہے۔ ممبئی اور بنگلور کی فلائٹ بھی آئندہ مہینے سے شروع ہونے جا رہی ہے۔ وزارت دفاع کی این او سی سمیت تمام رسمی کام مکمل ہو چکے ہیں۔