اترپردیش کے ضلع مئو میں پاور لوم پر تیار کی جانے والی ساڑی کی بھرنی بیننے والے کاریگروں کی روزی روٹی بھی کافی متاثر ہوئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران بند ہوا بھرنی کا کام تھوڑا بہت ہی پٹری پر لوٹا ہے۔
ساڑی صنعت میں آئے بحران کے سبب غریب کاریگر مفلسی کے دور سے گزر رہے ہیں۔ پاور لوم پر ساڑی بنائی سے قبل بھرنی یعنی base تیار کیا جاتا ہے۔ اس کام کو انجام دینے کے لئے خاص کاریگر ہوتےہیں جو بنکروں کے گھر گھر جا کر اپنا سانچا لگاتے ہیں۔ اسی سانچے پر ڈیزائن کے مطابق مختلف رنگ کے دھاگوں سے بھرنی تیار کی جاتی ہے ۔
ساڑی صنعت میں بھرنی کی اہمیت یہ ہے کہ بغیر بھرنی کے کسی بھی پاور لوم پر ساڑی تیار نہیں کی جا سکتی۔ ساڑی صنعت کی مختلف اصناف میں یہ پہلا مرحلہ ہے، کورونا وبا کا اثر کچھ کم ہونے کے بعد ضلع کے بنکروں کو ساڑی سپلائی کے آرڈر حاصل ہو رہے ہیں۔ بھرنی کاریگروں کے مطابق حالات بہتر ہوئے ہیں۔ اب دو وقت کی روٹی کا مسئلہ کچھ حد تک حل ہوا ہے۔