گیا (بہار): گیا ضلع پہنچے بہار بی جے پی صدر سمراٹ چودھری نے کہاکہ لالو یادو پر لینڈ فار جاب مقدمہ چلانا درست ہے ، ساتھ ہی انہوں نے لالو یادو کو جیل میں ڈالنے کی بھی وکالت کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن کی سزا لازمی ہے۔ گذشتہ روز بہار بی جے پی کے صدر سمراٹ چودھری گیا پُہنچے تھے ، یہاں اُنہوں نے گاڑی اور سائیکل کے ذریعے روڈ شو کیا اور اس دوران انہوں نے عظیم شخصیات کے مجسمہ پر گلپوشی کی۔
سمراٹ چودھری گیا شہر کے بعد بودھ گیا میں واقع کنوینشن سینٹر ہال میں منعقدہ پروگرام میں بھی شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے وزیراعلی نتیش کمار اور آر جے ڈی سپریمو لا لو پرساد یادو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بہار میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور عوام نے بھی اس بات کو محسوس کیا ہے ، وزیر اعلیٰ نتیش کمار یہ آخری بار کرسی پر رہیں گے۔ اُنکی وداعی یقینی ہے اور بہار میں تبدیلی کے باعث ترقیاتی کام ہوں گے۔ اُنہوں نے اس دوران بہار کے نظم و نسق پر بھی سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں قتل اغوا لوٹ چوری زیادتی تشدد کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے تاہم نتیش کمار کو بہار کی بگڑتی صورتحال نظر نہیں آتی، وہ صرف اپنی کرسی کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں جرائم پیشہ افراد پھر سے متحرک ہیں اور پولیس اُنہیں روکنے میں ناکام ہے کیونکہ پولیس شراب اور ریت کے نام پر غریب لوگوں پر کاروائی کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ جنگل راج سے بھی بدترین حالات ہیں ،اس وجہ سے لوگوں کی امیدیں بی جے پی سے وابستہ ہو گئی ہیں ، اُنہوں نے اس دوران مرکزی حکومت کے ذریعے زمین کے بدلے ریلوے میں نوکری دیے جانے کے معاملے پر لالو یادو کے خلاف سی بی آئی کو مقدمہ چلانے کی اجازت ملنے پر سمراٹ چودھری نے کہا کہ آخر کیوں نہیں لالو یادو پر مقدمہ چلے، چارہ گھوٹالہ اور ریلوے گھوٹالہ کرنے والوں پر اور شکنجہ کسنا چاہئے۔ اُن پر کاروائی ہو اور ساتھ ہی سی بی آئی کو چاہیے کہ لالو یادو کو بلا تاخیر جیل میں ڈالے ، اُنہوں نے کہا کہ اس حکومت میں بھی بہار میں بڑا گھوٹالہ ہوا ہے اس کی بھی جانچ ہونی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: Land For Job Scam: مرکز نے سی بی آئی کو لالو یادو سمیت ریلوے کے تین افسران پر مقدمہ چلانے کی اجازت دی
واضح ہوکہ بہار کے مختلف اضلاع کا سمراٹ چودھری دورہ کررہے ہیں اور وہاں جاکر بہار حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں ۔آج وہ اسی کے تحت گیا پہنچے تھے۔