اترپردیش کے ضلع رامپور کے پٹوائی گاؤں کے رہنے والے ایک شخص نے شراب کے نشہ میں اپنے ہی پڑوسی کی جان لے لی۔ ہلاک ہوئے شخص کے بھائی راجو کے مطابق اس کے پڑوس میں رہنے والا راجندر نام کا شخص شراب کے نشہ میں اس کے گھر پہنچ کر اس کے بھائی دنیش کو گالی دینے لگا۔
دنیش نے اسے گالی دینے سے منع کیا، لیکن وہ نہیں مانا اور مارنے کی دھمکی دیکر اسے نیچے بلایا۔ جب دنیش راجندر کو گالی دینے سے منع کرنے لیے نیچے آیا تو راجندر نے اس پر بھالے سے حملہ کر دیا۔ جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ قتل کی واردات کو انجام دینے کے بعد راجندر موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے اس کے چار ساتھیوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔
ہلاک شدہ شخص کے بھائی راجو کے مطابق دنیش کے پسماندگان میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں جن کی عمریں 14 برس سے کم ہے۔ جبکہ دنیش کی اہلیہ کا پہلے ہی انتقال ہو چکا ہے۔