ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں ایک نوجوان کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق تھانہ جنک پوری کا رہنے والا رجنیش دھیمان نام کا نوجوان ایک خاتون سے عشق کرتا تھا۔ کسی بات کو لے کر اس نے ایک کمرے میں پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔
نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ رجنیش دھیمان ایک 25 سالہ خاتون سے کافی وقت سے عشق کرتا چلا آرہا تھا، نوجوان اور خاتون کے درمیان کوئی ایسی بات ہوگئی جس کی وجہ سے نوجوان کئی روز سے ذہنی طو رپر پریشان تھا۔
آج صبح نوجوان نے اپنے گھر میں ہی ایک کمرے میں جاکر اپنے آپ کو قید کرکے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی، بہت دیر بعد اہل خانہ نے رجنیش کو تلاش کرنا شروع کیا تو بعد میں انہیں کمرے کا دروازہ بند ملا،اہل خانہ نے رجنیش کو دروازہ کھولنے کے لئے آوازیں لگائیں، جب اندر سے کوئی جواب نہیں ملا تو آخرکار دروازے کو توڑا گیا تو دیکھا کہ رجنیش کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی، اس کی اطلاع فوراً پولیس کو دی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پھندے سے اتار کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور آگے کی کارروائی میں لگ گئی۔
اس سلسلے میں ایس پی سٹی ونت بھٹناگر نے بتایا کہ ایک نوجوان نے پھانسی لگاکر خودکشی کی ہے جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد اور تحریر کی بنیاد پر آگے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔