مظفّر نگر:آل انڈیا متحدہ معاذ کا ایک تعزیتی اجلاس ضلع مظفر نگر کے قدوائی نگر میں واقع مدرسہ اسلامیہ عربیہ انعام العلوم میں مہتمم حضرت مولانا گلزار قاسمی کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔جس میں مفکر قوم و ملت ظفریاب جیلانی کے انتقال پرملال پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا، اور قرآن خوانی کے بعد ان کے لئے ایصال ثواب اور مغفرت کی دعا کی گئی۔
واضح رہے کہ ظفریاب جیلانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور اس کی لیگل سیل کے رکن اور سابق ایڈووکیٹ جنرل اتر پردیش حکومت، نیز بابری ایکشن کمیٹی کے صدر رہے ہیں۔اسکے ساتھ ہی معروف سماجی تنظیم آل انڈیا متحدہ محاذ کے سرپرست بھی تھے۔
تعزیتی اجلاس میں اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا متحدہ محاذ کے صدر شاہنواز آفتاب نے کہا کہ ظفر یاب جیلانی کا یوں دنیا سے رخصت ہو جانا ملک و ملت کے لیے ایک عظیم خسارے سے کم نہیں۔ موصوف ہمہ تن قوم و ملت کے لیے بے حد مفکر شخصیت تھے۔ایک ولی صفات انسان ہونے کے ساتھ ساتھ قانونی مہارت میں ید طولیٰ رکھتے تھے،جن کی قانونی آرا کو ہر طبقے میں بہت اہمیت حاصل تھی، آپ بہت سے بڑے تعلیمی اداروں کے سرپرست بھی تھے ۔ نیز آل انڈیا متحدہ محاذ کے سابق صدر اور ضلع مظفر نگر کی معروف، مخلص شخصیت حافظ محمد آفتابؒ سے بے حد دلی محبت رکھتے تھے۔ جس وجہ سے آل انڈیا متحدہ محاذ کی قدم قدم پر اپنے نیک مشوروں سے رہنمائی فرمایا کرتے تھے۔آپ کی تمام تر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
آل انڈیا متحدہ محاذ مستقبل میں بھی آپ کے راہنما اصولوں اور نیک مشوروں پر چلتے ہوئے ملک و ملت کے حق میں بہترین کارکردگی پیش کرتا رہے گا ۔
مزید پڑھیں:Advocate Zafaryab Jilani Passes away ظفریاب جیلانی کے انتقال سے ناقابل تلافی نقصان، ایڈووکیٹ رونق علی زیدی
اس تعزیتی اجلاس میں محبوب عالم ایڈووکیٹ، مولانا محمد ارشد، قاری محمد عباس، قاری احمد، مولانا محمد عالم، مولانا سلمان، حافظ رشید احمد، حافظ عبد الواحد، حافظ غفران، حافظ محمد آصف، سید مزمل حیدر ایڈووکیٹ، قاضی نعیم ایڈووکیٹ، فیضیاب ایڈووکیٹ، حاجی منور ایڈووکیٹ، انوار الحق ایڈوکیٹ، سید علی مہدی ایڈوکیٹ، امیر فیصل وغیرہ حضرات نے شرکت کی۔