اترپردیش کے رامپور میں آج وزیر اعلیٰ اجتماعی شادی اسکیم کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر جہاں 37 ہندو جوڑے شادی کے بندھن سے جڑے وہیں، 14 مسلم جوڑے نکاح کے ذریعہ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ اس طرح کل 51 لڑکے لڑکیاں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔
رامپور کے بلیزنگ گارڈن میں وزیر اعلیٰ شادی اسکیم کے تحت اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ایک ہی منڈپ میں جہاں ایک طرف ہندو جوڑے ہندو رسم و رواج کے مطابق پھیرے لیکر شادی کے بندھن سے جڑ رہے تھے تو وہیں دوسری جانب قاضی حضرات اسلامی تعلیمات کے مطابق نکاح پڑھا کر مسلم جوڑوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے میں مصرف نظر آ رہے تھے۔
اس موقع پر نکاح کے قاضی مولانا سعید احمد قادری نے بتایا کہ آج یہاں تقریباً 14 مسلم جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ ساتھ ہی انہوں نے آج کی اجتماعی شادی کی تقریب کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اسی طرح سادگی سے شادی کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بدرالدین اجمل کو آسام کی شناخت نہیں بننے دیں گے: امت شاہ
واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی وزیر اعلیٰ شادی اسکیم کے تحت ریاست کے مختلف اضلاع میں ضرورت مند افراد کے لئے اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کرکے جہاں ان کی مذہبی رسم و رواج کے مطابق شادیاں کرائی جاتی ہیں وہیں ان کو ضرورت کا کچھ سامان اور نقدی بھی دی جاتی ہے۔