ریاست اتر پردیش کے ضلع بہرائچ کے سماجی شخصیت اور اینٹ بھٹہ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری محمد عبداللہ متاثرہ افراد، غریب مزدوروں اور لاچار افراد کے لیے اپنی طرف سے کچن چلا رہے ہیں، جس میں روزانہ تقریبا 300 سے 500 لوگوں کے لیے دوپہر کے کھانے کے پیکٹ تیار کرکے تقسیم کرواتے ہیں۔
اس وبا نے جس طرح ساری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، لاکھوں افراد کے سامنے معاش کا بحران پیدا ہوگیا ہے، بہت سارے سماجی تنظیم نے اس مشکل دور میں ضرورت مندوں کی مدد کی ہے، لوگوں کی مدد کرنے سے نہ صرف ان کو آسانیاں فراہم ہوئیں ہیں، بلکہ ان کو اس بیماری سے لڑنے کی ہمت بھی ملی ہے۔
لاک ڈاؤن کو دیکھ کر جس طرح سے انتظامیہ نے ضلع میں اپنی ذمہ داری نبھائی اس سے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی بھوکا نہیں رہے گا اور انتظامیہ کے کہنے پر بہت سے لوگوں نے کچن چلا کر لوگوں کی مدد کرنا شروع کردیا ہے۔
اینٹ بھٹہ ایسوسی ایشن بہرائچ کے جنرل سکریٹری محمد عبد اللہ نے بھی انتظامیہ کے فون پر اپنی نجی کمیونٹی کا کچن قائم کرکے لوگوں کی مدد کرنا شروع کردیا ہے، محمد عبد اللہ نے کہا کہ 'اس دنیا میں انسانیت سے بہتر کوئی اور چیز نہیں ہے، اگر اس حالت میں کوئی مزدور بھوک سے مر جائے، تو ہم سب اس موت کے مجرم ہیں، اس کچن میں روزانہ 300 سے 500 لنچ کے پیکٹ تیار کیے جاتے ہیں، اور انتظامیہ کی مدد سے وہ پیکٹ ضرورت مندوں میں بانٹ دیئے جاتے ہیں۔