وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا جس کے مطابق سنٹرل پیرا ملٹری فورسز،ریاستوں کے پیرا ملٹری فورسز اور تین افواج (بری،بحری، فضائیہ) کےجوان جن کا تعلق اترپردیش سے ہوگا ریاستی حکومت اب ہلاکت پر ان کے اہل خانہ کو 25لاکھ کی جگہ پر 50لاکھ روپے مالی تعاؤن کے طور پر دے گی۔
سرکاری ترجمان نے بتایا کہ فیصلے کے مطابق اگر ہلاک جوان شادی شدہ ہے تو اس کے والدین میں سے ایک یا دونوں زندہ ہیں تو ہلاک جوان کی بیوی کو 35لاکھ اور والدین کو 15لاکھ روپے ملیں گے۔اور ہلاک ہونے والوں کے والدین کے حیات نہ ہونے پر اس کی بیوہ کو 50لاکھ ملیں گے۔ وہیں ہلاک جوان کےغیر شادی شدہ ہونے پر والدین کو 50لاکھ روپے مالی مدد کے طور پر دئیے جائیں گے۔
رقم تقسیم کی طے شدہ ضوابط میں خصوصی حالات میں ضرورت کے بقدر تخفیف کی گنجائش دی جاسکتی ہے لیکن طے شدہ حدود میں کسی بھی قسم کی تخفیف سے قبل محکمہ داخلہ کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا۔یہ فیصلہ یکم اپریل سے نافذ ہوگا۔