اترپردیش کے مشرقی اور سنٹرل خطے میں گذشتہ تین دنوں سے ہورہی بارش نے معمولات زندگی کو مفلو ج کردیا ہے۔
شدید بارش کی وجہ سے گذشت 48 گھنٹوں میں تقریبا 54 افراد کی موت ہوئی تو وہیں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مقامی انتظامیہ کو بارش متأثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
موسم کے تلخ تیور کے پیش نظر لکھنؤ، جونپور اور وارانسی، مئو، گورکھپور سمیت کچھ اضلاع میں 12 ویں جماعت تک کے اسکولز میں 27 اور 28 ستمبر کوچھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔
کم روشنی اور بارش کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں رینگتی نظر آئیں جبکہ پانی بھرنے کی وجہ سے متعدد راہ گیر زخمی بھی ہوئے۔
بارش کی وجہ سے دیہی علاقوں میں عام طور سے سناٹا چھایا ہوا ہے،کیچڑ اور پھسلن بھرے راستوں نے لوگوں کو گھروں میں قید رہنے پرمجبور کردیا ہے۔
کھیتوں میں پانی بھرنے سے سبزیوں کی فصلوں پر کافی اثر پڑا ہے جس سے شہری علاقوں میں سبزیوں کی کمی کی سے قیمتیں آسمانی کی جانب دیکھ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں جونپور میں 21.5 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی ہے، جبکہ مرزا پور میں 12.9،رائےبریلی میں 11.7، پریاگ راج میں 11.4، باندہ میں 9.4، جھانسی میں 6.06، سنت کبیر نگر میں 10.2، گورکھپور میں 13.6، دیوریا میں 5.6، اوریا میں 4.6، لکھنؤ اور سلطان پور میں 5.4، سیتاپور میں 3.0 جبکہ مئو اور بلیا میں چار سینٹی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔