ریاست اترپردیش کے ضلع بستی میں جمعرات کو عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ19 ) کے 33نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ضلع میں مجموعی طور متاثرین کی تعداد بڑھ کر 297ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آشوتوش نرنجن نے بتایا کہ بابا راگھو داس میڈیکل کالج سے موصول نئی جانچ رپورٹ میں 33افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد ضلع میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 397ہوگئی ہے۔ ان میں سے 203افراد مکمل طور سے شفایاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔
ضلع میں اب تک 12افراد کی موت واقع ہو چکی ہے جبکہ اس وقت 83مریضوں کا علاج جاری ہے۔
ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے 3,38,557افراد متاثر ہو چکے ہیں وہیں بارہ ہزار 274افراد اس وبا کی وجہ سے فوت ہو چکے ہیں۔ جبکہ دو لاکھ کے قریب افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
امریکہ، برازیل اور روس کے بعد کورونا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد بھارت میں موجود ہے۔ امریکہ میں اس وائرس سے 22لاکھ، برازیل میں ساڑھے نو لاکھ جبکہ روس میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اس وائرس سے اب تک دنیا بھر میں چار لاکھ بچاس ہزار سے زیادہ افراد فوت ہو چکے ہیں۔