مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں سمبلھیڑہ تحصیل جانسٹھ میں تیسرے مرحلہ کا دوسرا پروگرام اصلاح معاشرہ کمیٹی جمعیۃ علماء منعقد ہوا۔ جس کی صدارت مولانا انتظار، رکن ایڈھاک کمیٹی جمعیۃ علماء مظفر نگر نے فرمائی اور مہمانان خصوصی کے طور مولانا مکرم اور مولانا عبد الخالق قاسمی موجود رہے۔ اس موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں مولانا مکرم علی قاسمی کنوینر ایڈھاک کمیٹی جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر نے معاشرہ میں پھیل رہی برائیوں پر روشنی ڈالی مولانا نے اپنے خطاب میں معاشرہ میں پھیل رہی برائیوں کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اس وقت والدین کے ساتھ ظلم و زیادتی کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ ان کی عزتوں کو پامال کیا جا رہا ہے۔ میرے نوجوان بچوں قرآن میں اللہ رب العزت فرماتے ہیں کہ اپنے والدین کو اف تک بھی نہ کہو اور ہمارا یہ معاملہ ہے کہ اف تو دور کی بات ان کو دھکے مار کر گھر سے ذلیل کرکے راستے پر چھوڑ دیا جارہا ہے۔ تو بتاؤ ایسی صورت میں اللہ کی مدد آئے گی یا اس کا عذاب آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
مظفر نگر میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد
انہوں نے آگے مزید کہا کہ میرے بھائیوں اپنے آقا کا دامن مضبوطی سے تھام لو آپ کی ایک ایک سنت کو اپنالو پھر دیکھو اللہ ہماری دنیا کو بھی سنوار دیں گے اور آخرت بھی سنوار دیں گے کیونکہ حدیث پاک میں آتا ہے کہ والدین کی خوشی میں اللہ کی خوشی ہے اور ان کی ناراضگی میں اللہ کی ناراضگی ہے۔ اللہ تعالیٰ تم کو ہم کو تمام کو والدین کا فرماں بردار بنائیں۔ آمین۔ شرکاء میں کثیر تعداد میں علماء دین اور دانشوران قوم موجود رہے۔ اس موقع پر آخر میں مولانا نے ووٹ بیداری مہم سے متعلق عوام کو روشناس کرایا کہ ووٹ کا حق ہمارے لیے کتنا قیمتی سرمایہ ہے۔ اس پر توجہ کی خاص ضرورت ہے۔ آخر میں پروگرام مولانا کی دعاء پر اختتام پذیر ہوا۔