برآمد چرس کی قیمت بین الاقوامی بازار میں تقریباً 10 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بہرائچ کے روپئی ڈیہہ تھانہ کے تحت بھارت نیپال سرحد پر ایس ایس بی کی خفیہ ٹیم کو اطلاع ملی کہ نیپال سے کثیر تعداد میں چرس روپئی ڈیہہ چیک پوسٹ کے راستے بھارت آنے والی ہے۔
چرس آنے کی اطلاع ملنے پر فوری اس کی اطلاع نارکوٹک بیورو کنٹرول کو دی گئی، جس سے کہ اے سی بی کپتان لکھنؤ سجیت کمار نے ایک ٹیم تشکیل کر کے لکھنؤ سے ایس ایس بی چیک پوسٹ روپئی ڈیہہ کے لیے روانہ کیا، جب کہ ایس ایس بی چیک پوسٹ روپئی ڈیہہ میں پہلے سے موجود تھی۔
لکھنؤ سے ٹیم کے پہنچنے پر ایس ایس بی کے جوانوں نے مشترکہ طور سے چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ لینی شروع کی اور دیر رات تقریباً 10:30 بجے نیپال سے ایک منی بس آپہنچی جس کا نمبر ایچ آر 68 بی 9192 تھا، جو کہ اطلاع کے مطابق صحیح تھا، جس میں ڈرائیور سمیت دو لوگ موجود تھے۔
گاڑی کو سائیڈ میں لگوا کر گاڑی میں بیٹھے لوگوں سے جب پوچھ گچھ کی گئی تو وہ گھبرا گئے، گاڑی کی چیکنگ کیے جانے پر گاڑی کے پچھلے دروازے کے پاس سیٹ کے نیچے سے تین سفید رنگ کی بوریاں برآمد ہوئیں، جس میں بتی نما ڈرائی گرین اشیاء سفید پالی تھن میں بھرے ہوئے 60 پیکٹ برآمد ہوئے۔
ڈرگس ڈٹیکشن کٹ سے چیک کیے جانے پر برآمد مال چرس پائی گئی، جس کا وزن تقریباً 32 کلو گرام تھا، گرفتار کیے گئے دونوں افراد کی شناخت گیان چند ابن تارا پرساد پوسٹ تلسی پور ضلع دانگ نیپال، وجگیس سونار کے طور پر ہوئی۔
ایس ایس بی نے برآمد چرس ومنی بس کو سیز کردیا ہے جس کی عالمی بازار میں قیمت 94910000 بتائی گئی ہے ، ملزمان پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سپرد کردیا گیا ہے۔