ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یہاں دو روز کا لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔
کورونا سے نمٹنے کے لیے دو روزہ لاک ڈاؤن کے تعلق سے مظفر نگر اے ڈی ایم آلوک کمار نے بتایا کہ 'ضروری اشیاء کے علاوہ مظفرنگر میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، بغیر ضرورت گھومنے پھرنے والوں پر سختی کی جائے گی'۔
انہوں نے کہا کہ 'نافذ کیے گئے اس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی۔ اور اس لاک ڈاؤن میں محکمہ صحت کی ٹیم شہر اور دیہات کے متاثرہ علاقوں میں گھر گھر جاکر جانچ کر رہی ہے، اور بلدیات کی ٹیم کے ذریعہ بھی شہری اور دیہاتی علاقوں میں میں ٹیم کے ذریعے صاف صفائی کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے، اور محکمہ فائر کے ذریعے بھی متاثرہ علاقوں میں سینیٹائز کیا جا رہا ہے۔
دو روزہ لاک ڈاؤن کے تحت جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک لاک ڈاؤن نافذ رہےگا۔ مظفر نگر اے ڈی ایم آلوک کمار نے بتایا کہ 'وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے'۔
مظفر نگر میں کورونا وائرس کے کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ دیر رات 2171 سیمپل کی رپورٹ موصول ہوئی تھی جس میں سے 53 کی رپورٹ مثبت آئی ہے، بقیہ کی رپورٹ منفی رہی۔
محکمہ صحت کی ٹیم نے اب تک یہاں سے 753 کے قریب متاثرہ افراد کو صحتیابی کے بعد گھر روانہ کیا ہے، اب بھی ضلع میں مثبت کیسز کی تعداد 202 ہے۔