اس سلسلہ میں ادارہ کے قائم مقام مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے آج یہاں بتایا کہ جنگ آزادی میں علما دیوبند نے جوش وخروش کے ساتھ اپنی قربانیاں پیش کی تھیں، ملک کو آزاد کرانے میں جمعیۃ علماء ہند پیش پیش رہی ہے اور انہوں نے ملک کو مکمل آزادی کی وکالت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ علماء کی جانب سے ادا کئے گئے کردار کو کسی بھی قیمت پر بھلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کے علما کے ساتھ ساتھ ملک میں پھیلے دیگر مدارس کے علما نے بھی جنگ آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اس لیے تمام مدارس کو چاہئے کہ وہ اپنے اکابرین کی قربانیوں کے تذکرے نسل نو کو بتائیں۔
مولانا عبدالخالق مدراس نے بتایا کہ اس سال بھی یوم آزادی کے موقع پر دارالعلوم دیوبند میں پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، پروگرام میں ادارہ کے طلبہ کو جنگ آزادی میں دیوبندی علماء کی قربانیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیاجائے گا تاکہ وہ بھی اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں امن وبھائی چارہ اور ملک کے افراد کے درمیان آپسی محبت کا پیغام تقسیم کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث اور جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کا خصوصی خطاب ہوگا اور اسی کے ساتھ ساتھ ضلع مجسٹریٹ سہارنپور آلوک کمار پانڈے بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور ساتھ ہی سہارنپور کے ایس ایس پی دنیش کمار پی کی شرکت بھی متوقع ہے۔