جموں و کشمیر: ضلع اُدھم پور کے شہری اور دیہی علاقوں میں دن بدن پانی کی قلت ہو رہی ہے، جس کے بعد شہر کے لوگوں نے سلاتھیا چوک علاقے میں دھار روڈ کو بلاک کر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 'حکومت کی عدم توجہی کے باعث شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے لوگوں کو بجلی اور پانی کے لیے مشکلات ہو رہی ہے۔ حکومت کی طرف سے اس مسئلے کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہے۔ مظاہرے میں شہر کے پانچ وارڈز کے کونسلرز نے بھی شرکت کی۔ Water Issues in Udhampur
سابق رکن اسمبلی بلونت سنگھ منکوٹیہ کی قیادت میں شہر کے مکینوں نے آدرش کالونی سے ایک ریلی نکالی جو مختلف حصوں سے ہوتی ہوئی سلاتھیا چوک پہنچی اور دھار روڈ کو بند کرکے احتجاج شروع کیا۔ وہیں مظاہرے کے دوران لوگوں نے بتایا کہ کئی مہینوں سے پورے ضلع میں پانی کی قلت ہے اور محکمہ جل شکتی غفلت توجہ نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'شہر کے کئی علاقوں میں لوگوں کو تقریباً تین ہفتوں سے پانی کی سپلائی نہیں کیا گیا ہے۔ لوگوں کو پینے کے پانی کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔'
مظاہرین نے بتایا کہ 'انتظامیہ اور جل شکتی محکمہ کے افسران کو کئی بار اس کے بارے میں بتایا، لیکن سوائے یقین دہانیوں کے کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ 'ماضی میں بھی محکمہ جل شکتی کے دفتر جاکر عہدیداروں سے پانی کا مطالبہ کیا تھا لیکن عہدیداروں نے محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کے ہڑتال پر جانے کا بہانہ کرکے ہمیں واپس لوٹا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Water Scarcity in Sopore: سوپور میں پانی کی قلت پر لوگوں کا احتجاج
سابق رکن اسمبلی بلونت سنگھ منکوٹیہ نے کہا کہ 'جل شکتی محکمہ جلد از جلد پانی کے مسئلہ کا حل نکالے، ورنہ آنے والے دنوں میں محکمہ جل شکتی کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا اور ان کے دفتر کو بند کردیا جائے گا۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صرف ذات پات، مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو بانٹ رہی ہے۔ نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'حکومت بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔