جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں گزشتہ رات ہوئی محض دو گھنٹوں کی شدید بارش نے سیلاب جیسے حالات پیدا کردیئے ہیں۔ اس بارش کی وجہ سے دیویکا ندی کے اسنان گھاٹ پر واقع کنویں اور باؤلی میں نالی کا گندہ پانی جمع ہوگیا ہے۔ ساتھ میں دیویکا ندی کا پروجیکٹ کا کام بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے باؤلیوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شہر کا سارا آلودہ پانی دیویکا ندی میں مل جاتا ہے۔جس کی وجہ سے یہاں سابق حکومت نے ندی کے کنارے ایک دیوار تعمیر کروائی تھی تاکہ گندہ پانی دیویکا کے کنویں اور باؤلی میں نہیں آئے۔ لیکن جب دیویکا ندی پر نئے پروجیکٹ کا کام شروع ہوا ہے تب ان دیواروں کو توڑ دیا گیا اور اب اس کی وجہ سے سیلاب کا سارا گندہ پانی باؤلی میں آجاتا ہے۔ پانی کے آنے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ یہاں صاف پانی ملنا مشکل ہوگیا ہے اور برسات میں 8 سے دس بار ان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں:زوجیلا سرنگ کا تعمیراتی کام مقررہ میعاد سے ایک سال پہلے مکمل ہونے کی توقع
لوگوں کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے دیویکا کے لیے 179 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، لیکن اس پروجیکٹ کی پیش رفت سست ہے۔ حکومت و انتظامیہ دیویکا کا کام کن پیرامیٹرز کی بنیاد پر کیا جارہا ہے اس کی جانچ ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ دیویکا کو گنگا کی بڑی بہن کہا جاتا ہے، اس لیے دیویکا صرف پروجیکٹ نہیں ہے بلکہ تمام لوگوں کے لئے عقیدت کا موضوع ہے۔