ادھم پور: جہاں ایک طرف فوج کے جوان سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں وہیں حکومت کی جانب سے انہیں کئی طرح کی مدد فراہم کی جاتی ہے تاکہ ان کے اہل خانہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دوسری طرف بہت سے لوگ ایسے ہیں جو فوج میں نہ ہونے کے باوجود فوج کے جوانوں کی طرح کام کرتے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دوسروں کی جان بچاتے ہیں لیکن ان کی فکر کرنے والا کوئی نہیں ہے۔
ایسا ہی معاملہ ضلع ادھم پور کی تحصیل رام نگر کے گاؤں شمبھ کگھوٹ میں دیکھنے کو ملا۔ یہاں ایک نوجوان نے دو افراد کی جان بچائی لیکن خود کو نہ بچا سکا۔ دراصل گزشتہ روز اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے ستلج ندی پر خاتون اور ایک نوجوان پہنچے۔ ان دونوں نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ انہیں بچانے کے لیے ادھم پور کے نوجوان نے بہار کے ایک نوجوان کے ساتھ ٹھنڈے پانی میں چھلانگ لگا دی اور خودکشی کے ارادے سے کودنے والے دونوں کو زندہ نکال لیا۔ وہیں جب وہ خود باہر نکلنے لگا تو اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ دوبارہ پانی میں گر کر ڈوب گیا۔ جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔ اس شخص کی شناخت سنیل شرما ولد چرن داس ساکن شمبھ کگھوٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ سنیل ہماچل پردیش میں کام کرتا تھا۔
وہیں اس معاملے کی اطلاع ان کے گاؤں میں پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ جیسے ہی اس کے والد چرن داس، جو کولکتہ میں مزدوری کرتے ہیں، کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے کسی طرح رقم کا انتظام کیا اور ہوائی جہاز کے ذریعے گھر پہنچے۔ رو رو کر پورے خاندان کا برا حال ہے۔ سنیل کا ایک چھوٹا بھائی ہے، جو اسکول میں پڑھتا ہے جبکہ اس کی ایک بہن ہے۔ وہ اپنے گھر میں واحد کمانے والا تھا۔
وہیں آج اس کی آخری رسومات ادا کی گئی۔ جس میں گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوئے لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی اہلکار نہیں آیا۔ جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید غم و غصہ بھی دیکھنے کو ملا۔ مقامی سرپنچ سنیل کا کہنا تھا کہ جب کوئی فوجی جوان شہید ہوتا ہے تو اسے پورا احترام دیا جاتا ہے جبکہ سنیل نے بھی بہادری کا کام کیا تھا۔ اس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے دو جانیں بھی بچائی تھیں لیکن انتظامیہ کا کوئی افسر سنیل کے اہلخانہ سے نہیں ملا نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھین: Young Man Drowns to Death in Shopian: پل سے گر30 سالہ نوجوان کی موت
انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ بہادروں کو اسی طرح نظر انداز کرتی رہی تو وہ دن دور نہیں جب کوئی بھی اپنی جان کو خطرے میں نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سنیل شرما کے اہل خانہ کو کم از کم 20 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے اور اسے یوم جمہوریہ یا یوم آزادی پر ویرتا چکر سے نوازا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مالی امداد ملنے سے خاندان کی پرورش ہو سکے گی۔