جموں: جموں وکشمیر کے ادھم پور ضلع کے ٹکری علاقے میں بدھ کی صبح سڑک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پانچ سی آر پی ایف جوان زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح ادھم پور کے ٹکری علاقے میں سی آر پی ایف گاڑی اور ٹرک کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں پانچ سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج و معالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے میں زخمی ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کی شناخت اے ایس آئی برج لال، ایس جی ڈی اشوک کمار، اے ایس آئی گوند راج، اے ایس آئی سلو راج اور اے ایس آئی رومیش کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی سی آر پی ایف اہلکاروں کو نارائنا ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
یہ بھی پڑھیں: Road Accident in Udhampur جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سڑک حادثہ، 10 زخمی
وہیں جموں وکشمیر کے وسطی ضلع گاندربل کے تھیون کنگن علاقے میں بدھ کے روز لوڈ کیرئیر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوئے۔ اطلات کے مطابق تھیو ن کنگن میں بدھ کی صبح لوڈ کیرئیر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی مرہم پٹی کے بعد چھ زخمیوں کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ ریفر کیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
یو این آئی