جموں خطے کے ادھم پور اور پونچھ اضلاع میں ایویئن انفلوئنزا (برڈ فلو) کے پہلے کیس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ تین مردہ پرندوں سے لئے گئے نمونوں کے نتائج مثبت پائے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے اس سلسلہ میں ایک ایڈوائزی جاری کی ہے جس میں عوام کو احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ تاہم لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھبرائے نہیں کیونکہ صرف تین نمونے ہی مثبت پائے گئے ہیں جبکہ دیگر نمونے منفی آئے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری اور ریسرچ ڈی ڈی ڈوگرہ نے بتایا کہ ادھم پور کے جوگانو بلاک سے ایک مور اور ایک پرندے کے نمونے مثبت آئے ہیں جس کے بعد عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادھر، ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ادھم پور محمد سید خان نے بتایا 'جموں کے خطے میں یہ پہلا مثبت معاملہ ہے لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ زیادہ تر ٹیسٹ رپورٹس منفی ہیں۔'
انہوں نے بتایا متعلقہ محکمے نے اب تک 218 نمونے اکٹھا کر کے پنجاب کے جالندھر میں جانچ کے لئے روانہ کئے ہیں۔ ادھم پور اور پونچھ سے آنے والی تین مثبت رپورٹوں کو چھوڑ کر، 115 رپورٹیں منفی آئیں جبکہ باقی معاملات کے نتیجے ابھی آنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے محکمہ نے سرکاری ہدایات کے مطابق ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔