چینینی: ادھم پور کے سدھ مہادیو تھانہ کے سراڈ پنچائیت میں جمعہ کی شام تقریباً 5 بجے سرپنچ سدیش چندر کی دو منزلہ رہائشی عمارت کی اوپری منزل پر اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کی املاک جل کر راکھ ہو گئیں۔ عمارت کے اوپری منزل پر آگ لگتے ہی گھر کی نچلی منزل میں موجود تمام افراد بحفاظت باہر نکل آئے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی علاقے کے ایس ڈی ایم پرویز احمد نائک اور نائب تحصیلدار تنویر حسین شاہ بھی موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر چینینی سے فائر بریگیڈ کو طلب کیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگ بھی مدد کے لیے موقع پر پہنچ گئے اور بالٹیوں سے پانی ڈال کر آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اسے ایسے قابو کرنا مشکل تھا وہیں اسی وقت فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی آگ سے ہونے والے نقصان کا صحیح اندازہ لگایا جاسکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ لگنے سے گھر میں موجود تمام قیمتی سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی بھیانک تھی کہ اگر لوگ اسے جلد بجھانے کی کوشش نہ کرتے تو یہ آگ قریبی گھروں کو بھی لپیٹ میں لے لیتی اور اس سے بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ چینینی سے سراڈ کا فاصلہ طویل ہونے کے باعث فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی تاخیر سے پہنچی جس کے باعث آگ پر جلد قابو نہ پایا جاسکا اور عمارت کی اوپری منزل مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ تاہم مقامی لوگوں نے گھنٹوں بالٹیوں سے پانی ڈال کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں : Fire in Kathua کٹھوعہ ضلع میں آتشزدگی، متعدد دکانیں و مکانات جل کر خاکستر