جموں و کشمیر، ضلع ادھمپور کے ضلع اسپتال میں آج ڈی سی ڈاکٹر پیوش سنگلا کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی۔ ٹیکہ لگوانے کے بعد انھوں نے لوگوں سے بغیر شک و شبہ کے ٹیکہ لگوانے کی اپیل کی ہے۔
کووڈ ویکسین کی پہل خوراک لینے کے بعد ضلع اسپتال میں ڈپٹی کمشنر نے پروٹوکول کے مطابق مانیٹرنگ وارڈ میں تیس منٹ گزارے، جس کے بعد ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیع نے پرویزنل سرٹیفیکیٹ بھی دی۔
اس دوران ڈی سی نے ضلع اسپتال میں ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ سی ایم او ڈاکٹر کے سی ڈوگرہ نے بتایا کہ ضلع ادھمپور کووڈ 19 ویکسینیشن کی پہلی خوراک کے ہدف کو پورا کرنے کے معاملہ میں ریاست میں دوسرے مقام پر ہے۔
انھوں نے کہا کہ 16 جنوری سے شروع ہونے والے ویکسینیشن پروگرام میں 16 فروری تک 3575 رجسٹرڈ ہیلتھ ورکرز میں سے 2713 کو پہلی خوراک دی گئی۔ اسی کے ساتھ ہی 7353 رجسٹرڈ فرنٹ لائن کارکنوں میں سے 3846 کو بھی ٹیکہ لگایا گیا۔
محکمہ صحت کے کارکنوں کے لیے کووڈ 19 ویکسین کی دوسری خوراک کا بھی انتظام شروع کردیا ہے، جو پہلی خوراک لینے کے بعد 28 دن مکمل کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام بلاک ہیڈ کوارٹرز میں ایک ساتھ ویکسینیشن مہم چلائی جا رہی ہے۔
وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے ذریعہ حکومت ہند کے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے تمام فرنٹ لائین کارکنان کو سی آر پی ایف کیمپ رؤند دومیل، آئی ٹی بی پی ہیڈ کوارٹر اور شیر کشمیر پولیس اکیڈمی میں بھی ایک خصوصی ویکسینیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وجے رینا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسین ملک اور ڈاکٹر چندکانتا وغیرہ بھی موجود تھے۔