جموں و کشمیر کے ضلع اودھمپور میں ضلع انتظامیہ نے مختلف مقامات پر کمیونٹی کچن کے مراکز کھول دیئے ہیں تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں اور ضرورتمندوں کو کھانا مہیا کرا یا جا سکے۔
کورونا وائرس سے تحفظ کے پیش نظر پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ ایسے میں یومیہ مزدوروں کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا، کیونکہ ان کے پاس سیونگ نہیں ہوتی ہے۔ اس لئے ان تمام غریبوں کو کھانا مہیا کرانے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ نے مختلف مقامات پر کمیونٹی کچن کے مراکز کھولے ہیں، تاکہ تمام لوگوں کو کھانا پہنچایا جا سکے۔
اودھمپور میں مختلف مراکز پر 7250 سے زائد افراد کا کھانا تیار کیا جا رہا ہے۔ یہاں تازہ کھانے کو ایک ڈسپوزل ٹفن باکس میں ڈال کر ضرورتمندوں تک پہنچایا جاتا ہے۔
ٹفن باکس کو یومیہ مزدوروں اور دیگر بیرونی ریاستوں سے مقیم مزدوروں تک خود انتظامیہ پہنچانے کا کام انجام دیتا ہے۔
اودھمپور ضلع سے 20 کیلومیٹر کے دائرے تک رہنے والے تمام مزدوروں تک اس کھانے کو تقسیم کیا جاتا ہے۔
اودھمپور کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا ان کمیونٹی کچن مراکز کے ساتھ ساتھ ضلع کے دیگر اعلی انتظامی عہدیداروں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس کےعلاوہ ڈی سی ہی محصولات، فوڈ اینڈ سپلائی کے محکمے، غیر سرکاری تنظیموں، رضاکاروں اور سماجی کارکنوں کی مدد سے لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کو کھانا اور راشن فراہم کرنے کی بھی ذمہ داری دے رہے ہیں۔