جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں شہر کے سلاتھیا چوک میں احتجاج کے دوران، بھارتیہ جنتا پارٹی اور پینتھرس پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
صورتحال خراب ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پالیا۔ اگر پولیس وقت پر نہ پہنچتی تو آپس میں تصادم ہوتا اور صورتحال مزید خراب ہوتی۔
دوپہر کے لگ بھگ 12 بجے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ضلع پردھان سوشانت گپتا بی جے پی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ سلاتھیا چوک پہنچے اور گپکار الائنس کے ممبروں کا پُتلا پھونک کر مظاہرہ کرنا شروع کردیا۔ جس میں پینتھرس پارٹی کے پروفیسر بھیم سنگھ، ریاستی سربراہ بلونت سنگھ مانکوٹیا اور چیئرمین ہرش دیو سنگھ کی تصاویر تھیں۔ اس دوران پینتھرس پارٹی کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
مجسمہ پھونکنے کے بعد سوشانت گپتا نے کہا کہ گپکار الائنس ترنگا کی توہین کررہا ہے اور دوسری طرف پروفیسر بھیم سنگھ گپکار اتحاد کے ممبروں کے ساتھ صلاح مشورہ کر رہے ہیں۔ پینتھرس پارٹی ملک کی خدمت کرنے والوں کی توہین کررہی ہے۔ اس سے پارٹی کے کام کا انکشاف ہو رہا ہے۔ اب سبھی جانتے ہیں کہ پینتھرس پارٹی کی سوچ کیا ہے اور وہ کس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس بار ڈی ڈی سی انتخابات میں پینتھرس پارٹی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔
اسی دوران بی جے پی مظاہرے کی اطلاع ملنے کے فورا بعد پینتھرس پارٹی کے بہت سارے رہنما اور کارکن موقع پر پہنچ گئے اور بی جے پی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ اس کے بعد دونوں فریقوں کے کارکنوں میں بحث ہوئی۔ لیکن پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو سنبھالا۔ احتجاج کے دوران پینتھرس پارٹی کی جانب سے بی جے پی پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے۔