مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ادھم پور میں 'دیویکا ندی' کے قریب شمشان گھاٹ پر بنے پُل کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔ جس کے سبب مقامی باشندوں کو پُل پار کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دیویکا ندی پر تعمیر کیا گیا یہ پُل انتہائی خستہ حالت میں ہے، تقریباً 40 سال قبل اس پُل کو تعمیر کیا گیا تھا۔ پل کی بنیادیں کمزور ہوچکی ہیں۔ وہیں دیویکا پروجیکٹ کا کام بھی جاری ہے۔ جس کی وجہ سے پروجیکٹ کا سارا سامان اسی پل سے لایا جاتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں افراد یہاں آخری رسومات میں شریک ہونے کے لیے آتے ہیں اور اس پل پر کھڑے ہوتے ہیں، یہ کسی بھی وقت گرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر: نجی اور سرکاری اسکولوں کی تعمیر سے متعلق جانکاری طلب
انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو کئی بار اس سے آگاہ کیا جاچکا ہے لیکن کسی نے اس کی پرواہ نہیں کی۔ یہ پُل کسی بڑے حادثے کو دعوت دے رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر جلد سے جلد اس کی مرمت نہیں کی گئی تو بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔