کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور پولیس نے مقامی این جی او کی مدد سے ہفتہ کے روز اودھم پور ٹاؤن کے جاکھنی چوک ،آدرش کالونی اور جگنو موڑ علاقے میں غریبوں اور مزدوروں کے درمیان راشن اور کھانا تقسیم کیا۔
ایس ایچ او ادھم پور وجے چودھری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع کے غریب کنبہ اور بہار اور ملک کی دیگر ریاستوں کے مزدور جو یہاں پھنسے ہوئے ہیں، ان کے درمیان راشن تقسیم کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او وجئے چودھری نے کہا کہ پولیس نہ صرف چوبیس گھنٹے کام کرکے لاک ڈاؤن نافذ کررہی ہے بلکہ غریبوں کے درمیان کھانا اور راشن فراہم کرنے میں ان کی مدد بھی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا ہم لوگوں کو ان کے گھروں میں راشن فراہم کررہے ہیں۔ ضعیف لوگوں کو دوائیں بھی دی جارہی ہیں۔ پولیس ضرورت مندوں کی مدد کے لئے مستقل کام کرتی رہے گی۔