حیدرآباد:ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں واقع میڈیا پلس آڈیٹورم میں ادارہ ادب اسلامی ہند حلقہ کی جانب سے عالمی یوم عربی زبان کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مولانا سید جہانگیر نظامی نے اپنے کلیدی خطبہ میں کہا کہ آج اہلِ جامعات عربیہ اسلامیہ یہ کہنے کے موقف میں ہیں کہ اگر کوئی ہندوستانی عربی زبان کے ساتھ اگر انگریزی اور دوسری کوئی یوروپین زبان جان لیتا ہے تو وہ انتہائی غیر معمولی اور انتہائی معزز اور بڑے اعجاز کے ساتھ زندگی گزارسکتا ہے اور گزار رہے ہیں۔
مولانا فہیم اختر ندوی صدر شعبہ اسلامیات مولانا آزاد اردویونیورسٹی حیدرآباد نے دوسرے سیشن کی صدارت فرمائی۔ انہوں نے اس سیشن میں پڑھے گئے مقالہ جات کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ عربی زبان و ادب اور قرآن فہمی کیلئے اس جیسی تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عربی زبان واقعی مشکل ہے لیکن قرآن مجید کی زبان بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عربی بہت وسیع زبان ہے اور اس کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے، اعراب کے ذریعہ معنے اور مفہوم بدل جاتے ہیں۔
انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ قرآن کو سمجھے۔ قرآن فہمی کے ذریعہ نمازیں صحیح ادا کی جاسکتی ہیں۔اس میں خشوع و خصوع پیدا ہوگا۔ مولانا فہیم اختر ندوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ اس کا بندہ اخلاص کے ساتھ نمازوں کی ادائیگی کرے اور اس کے اندر روحانی کیفیات پیدا ہو۔
مولاناڈاکٹر راشد نسیم ندوی ڈین ایفلو یونیورسٹی نے کہا کہ لازمی بات ہے کہ عربی زبان کو قرآن مجید سے قرآن مجید کو عربی زبان سے جدا نہیں کیا جاسکتا یہ لازم و ملزوم ہے۔
انہوں نے مختلف زبانوں کی اہم شخصیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت شاہ عبدالقادر ؒ کا قرآن مجید کا ترجمہ پڑھیے اچھی خاصی اردو ہونے کے باوجود آپ کو مشکل پیش آئے گی زبان خاصی تبدیل ہوگئی۔ دیگر زبانوں کا بھی یہی حال ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ صرف اور صرف قرآن پاک کا معجزہ ہے کہ عربی زبان جو اللہ کے رسول ﷺ کے زمانے مبارکہ میں تھی وہی عربی آج بھی ویسے ہی برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اکبر الدین اویسی نے تحریک تشکر مباحثہ میں حصہ لیا
شعیب الحق صدر ادارہ ادب اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے خطبہ استقبالیہ کا آغاز کیا۔ انہوں نے ادارہ ادب اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے عالمی یوم عربی زبان کانفرنس 2023“میں مہمانوں اورسامعین کا استقبال کیا۔انہوں نے ادارہ ادب اسلامی ہند تلنگانہ کے ذمہ داروں محمد ناصر الدین نائب صدر اور جسید عبدالاحد سہیل کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کانفرنس کی کامیابی کیلئے انہیں مبارکباد دی۔