حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی کو پسماندہ برادری کی اتنی فکر ہے تو وہ "بی سی ذات کی مردم شماری" کیوں نہیں کراتی ہے۔ اسد الدین اوسی کا یہ بیان امت شاہ کے بیان کے ایک دن بعد میں آیا جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سوریا پیٹ میں ایک ریلی میں اعلان کیا تھا کہ اگر ریاست میں 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو پسماندہ طبقے (بی سی) سے کسی لیڈر کو تلنگانہ کا وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔
ظہیر آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے بی جے پی اور کانگریس کو جڑواں کہا اور کہا کہ دونوں پارٹیاں تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ اویسی نے کہا کہ "امیت شاہ صاحب، میں آپ کو ذمہ داری کے ساتھ بتا رہا ہوں۔ آپ اور کانگریس 'اولے جولے بھائی-بہن' (جڑواں بچے) بن گئے ہیں۔ تلنگانہ میں آپ لوگوں کے حق کچھ نہیں ہونے والا ہے۔ یہ 'الوداع' ہوگا۔ آپ کے لیے الوداع ہے"۔
انہوں نے کہا کہ "میں امیت شاہ سے پوچھنا چاہوں گا۔ اگر آپ پسماندہ طبقے کے تئیں اتنی ہمدردی رکھتے ہیں تو آپ پسماندہ طبقہ کی مردم شماری کیوں نہیں کرواتے‘‘۔ اویسی نے دعویٰ کیا کہ نہ تو وزیر اعظم نریندر مودی اور نہ ہی کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں منظور شدہ خواتین کے ریزرویشن بل میں او بی سی اور مسلم خواتین کے لیے ذیلی کوٹہ کے ان کے مطالبے کی حمایت کی اور نہ کسی نے مسلم خواتین کے تعلق سے کوئی ذکر کیا۔
مزید پڑھیں: علاقائی پارٹیوں کی اہمیت پر اویسی کا بیان
سابق رکن اسمبلی کوماتیریڈی راج گوپال ریڈی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ کیا کانگریس "واشنگ مشین" بن گئی ہے۔ کوماتیریڈی اس ہفتے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔ تاہم اویسی نے راج گوپال ریڈی کے نام کا ذکر نہیں کیا۔ اویسی نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی 2019 میں 185 سیٹوں پر براہ راست مقابلہ کر رہے تھے لیکن کانگریس نے صرف 16 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ اویسی وہاں کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے سوال پوچھا کہ "آپ (کانگریس) وہاں کیسے ہار گئے؟"۔
واضح رہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی اور کانگریس انتہائی سرگرم ہوگئی ہیں۔ کانگریس کی جانب سے تلنگانہ کے اضلاع میں انتخابی مہم کے لئے بس یاترا کا آغاز کیا گیا جس میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی شرکت کررہے ہیں۔ جبکہ بی جے پی کی انتخابی مہم میں وزیراعظم مودی، امت شاہ اور دیگر کئی رہنما شرکت کررہے ہیں۔