تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے درمیان دریائے کرشنا کے پانی کے تنازعہ کو حل کیاجائے۔
سریش ریڈی جنہوں نے گذشتہ روز ہی ایوان بالا کے رکن کے طورپر حلف لیا، آج پہلی مرتبہ راجیہ سبھا میں اس مسئلہ کو اٹھایا۔
انہوں نے مرکزی وزارت آبی وسائل سے خواہش کی کہ وہ دونوں ریاستوں کے درمیان پائے جانے والے اس مسئلہ کو حل کرے۔
یہ بھی پڑھیے
شہزادے کی قبر گمنامی کے اندھیرے میں
بھارتی معیشت میں نو فیصد کمی آنے کا امکان
انہوں نے کہا 'دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی کی ملاقات بھی قبل ازیں اس مسئلہ پر ہوئی ہے اور مرکزی حکومت کو تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے اس خصوص میں مکتوب بھی روانہ کرتے ہوئے اس مسئلہ کے جلد حل کی خواہش کی ہے'۔
تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو پانی کی قلت کی وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہیں ایک رپورٹ کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ کچھ سالوں میں حیدرآباد کا شمار ملک کے ان شہروں میں ہو گا، جہاں گراؤنڈ واٹر ختم ہو گیا ہو گا۔